۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مرکز احیاء آثار برصغیر قم کی جانب سے آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کی مجلسِ چہلم کا انعقاد

حوزہ / مرکز احیاء آثار برصغیر قم کی جانب سے ایران کے شہر قم المقدس میں آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کے لئے مجلسِ چہلم کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکز احیاء آثار برصغیر قم کی جانب سے ایران کے شہر قم المقدس میں آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کے لئے مجلسِ چہلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مرکز احیاء کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان نے خطاب کیا۔

رپورٹ کے مطابق مراسمِ چہلم کا آغاز تلاوت کلام اللہ المجید سے ہوا۔ اس کے بعد حوزہ علمیہ قم میں موجود مرحوم کے بھانجے کے فرزند،برادر علی نقی خان نے مرحوم کی زندگی کے بعض اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کی زندگی کے بعض مفید اور مؤثر واقعات پیش کئے۔

مرکز احیاء آثار برصغیر قم کی جانب سے آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کی مجلسِ چہلم کا انعقاد

مجلس چہلم کے خطیب اور مرکز احیاء آثار برصغیر قم کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان نے اپنے خطاب میں کہا: مرحوم بزرگوار کی زندگی میں مومنین اور ملت تشیع کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ جہاں کہیں قوم و ملت کے فائدے کی بات ہوتی تو وہ اپنے تمام ذاتی مسائل پسِ پشت ڈال کر "لبیک" کہتے۔ مجالسِ عزا سے خطاب ہو یا گرانقدر کتب کی تصانیف، انہوں نے ہر مقام پر ملتِ تشیع اور اس کے فائدے کو مقدم رکھا۔

انہوں نے آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کی پُررنگ اجتماعی زندگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کی زندگی مکمل اجتماعی زندگی تھی۔ انہوں نے ملتِ تشیع کے مسائل کے حل کے لئے پورے پاکستان کے ان حالات میں دورے کئے جب کئی بزرگ علماء حالات کی کشیدگی وغیرہ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا: بدقسمتی سے ان کی زندگی کے اجتماعی پہلوؤں کو صحیح طرح بیان نہیں کیا گیا چونکہ متاسفانہ اکثر افراد نے آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) کو سن کر سمجھا ہے اور ان کی حقیقت کو درک نہیں کر سکے۔

حجت الاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان نے کہا: ایک دفعہ جب مرحوم کے ملت و قوم کے سلسلہ میں منعقدہ پروگرام کے آغاز میں اپنے عزیز سگے بھائی کی رحلت کی خبر ملتی ہے تو جہاں سب علماء ان کے بھائی کی رحلت پر افسوس کر رہے تھے تو وہیں وہ ان کے اس غمناک خبر کی وجہ سے پروگرام سے چلے جانے اور ملتِ تشیع کے لئے بعض اہم فیصلے نہ ہو سکنے کی وجہ سے پریشان تھے لیکن آیت اللہ محمد حسین نجفی (رہ) نے کہا "ملتِ تشیع کے امور سب مسائل پر مقدم ہیں" اور وہیں رہ کر پروگرام اٹینڈ کرتے ہیں اور تمام مسائل نمٹانے کے بعد گھر کا رُخ کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .